شیوسینا نے پیر کو ہندوستان کے اگلے صدر جمہوریہ کے لئے راشٹریہ سویم سیوک
سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کا نام آگے بڑھایا ہے۔ شیوسینا نے
این ڈی اے اور پی ایم نریندر مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو
'ہندو راشٹر' بنانے کے لئے بھاگوت کو صدر بنانا بے حد ضروری ہے۔ بتا دیں کہ
جولائی میں ہی پرنب مکھرجی کی مدت ختم ہو رہی ہے اور نئے صدر کا الیکشن
ہونا ہے۔
شیوسینا کے لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ اگر
ہمیں ہندوستان کو ایک 'ہندو راشٹر' بنانے کا خواب پورا کرنا ہے تو موہن
بھاگوت کو ہی صدر بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی کے
طور پر آج ہمارے پاس ایک ہندوتو وادی وزیر اعظم موجود ہے۔ حال ہی میں ایک
اور ہندوتو وادی شبیہ والے لیڈر یوگی
آدتیہ ناتھ کو یوپی کے عوام نے اپنا
وزیر اعلی منتخب کیا ہے۔ عوام کے نظریہ سے بھی دیکھا جائے تو ہندو راشٹر کا
خواب پورا کرنے کے لئے اب بھاگوت کو ہی صدر بنایا جانا چاہئے۔
بتا دیں، بی جے پی کی جانب سے ابھی اگلے صدر کے طور پر کسی کا بھی نام بات
چیت میں نہیں آیا ہے۔ شیوسینا چیف ادھو ٹھاکرے کو اسی ہفتے وزیر اعظم مودی
نے ایک ڈنر پارٹی میں آنے کی دعوت بھجوائی ہے۔ اس پارٹی میں این ڈی اے کے
تمام لیڈروں کو بھی بلایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس پارٹی میں ہی
صدارتی انتخابات کو لے کر این ڈی اے کے امیدوار پر بحث کی جائے گی۔ تاہم
شیوسینا نے ایسے کسی بھی دعوت نامہ سے فی الحال صاف انکار کر دیا ہے۔
شیوسینا کا کہنا ہے کہ اگر اسے صدر کے امیدوار کے نام پر چرچا کے لئے بلایا
جاتا ہے تو وہ اپنا موقف واضح کر دے گی۔